شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے ملک کی میزائل اور جوہری صلاحیتوں میں مزید اضافے کے منصوبے کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن کا یہ منصوبہ آئندہ حکمراں جماعت کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے حالیہ میزائل تجربات کی نگرانی کی اور میزائل پیداوار کو وسعت دینے اور جدید بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
کم جونگ اُن کے مطابق یہ اقدامات دشمنوں کے لیے ’ذہنی اذیت‘ کا باعث بنیں گے۔
رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن کی بیٹی کم جو ای بھی میزائل تجربے کے موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا کی آنے والی نویں پارٹی کانگریس کا2021ء کے بعد پہلا اجلاس بھی جلد متوقع ہے جس میں دفاع اور معیشت کے لیے 5 سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کیا جائے گا۔
کم جونگ اُن نے بڑے پیمانے پر راکٹ لانچر سسٹم کے تجربے کو ’انتہائی اہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نظام مخصوص حملوں کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا ’کے سی این اے‘ کے مطابق تیار کیا گیا نیا میزائل 358.5 کلومیٹر دور سمندر میں بھی ہدف کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

