چارسدہ: گزشتہ رات تھانہ خانمائی کی حدود موسیٰ کلے میں ناصر خان ایڈوکیٹ کے گھر کے سامنے نامعلوم افراد کی جانب سے دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (IED) نصب کیا گیا جو دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان اور ایس پی انویسٹی گیشن عالمزیب خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرڈھیری شاد علی خان اور ایس ایچ او خانمائی مرشید خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور جامع تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔ افسران نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جدید تفتیشی بنیادوں پر جلد از جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ چارسدہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔

