
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزخیبر پختونخواپولیس
پشاور 19 فروری 2025 ٹیلی فون نمبر۔9213688
(پریس ریلیز)
آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں صوبے میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور بدامنی سے نمٹنے کے لیے خریدی گئی جدید B7 پروٹیکشن لیول کی بکتر بند (APCs) کا معائنہ کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے خود بکتر بند گاڑی ڈرائیو کی اور اپنے تجربے اور مشاہدے کی روشنی میں ان گاڑیوں کی آپریشنل صلاحیتوں کاجائزہ لیا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا پولیس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اور جوانوں کی قیمتی جانوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔اور ان بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ضم شدہ اضلاع میں موثر اور مکمل پولیسنگ کیلئے ان اضلاع میں دہشت گردی کے خطرات سے بہتر انداز میں نمٹنے اور پولیس اہلکاروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں، جدید اسلحہ اور دیگر ضروری ساز و سامان کی وقتاً فوقتاً تواتر کے ساتھ فراہمی جاری ہے۔ پولیس کو مزید 10 عدد APCs فراہم کی جارہی ہیں جن میں B7 پروٹیکشن لیول بلٹ پروف APC گاڑیاں دوسرے اضلاع کے علاوہ خیبر،نارتھ وزیرستان اور کرم کے اضلاع کو پہلے بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔ یہ بکتر بند گاڑیاں انتہائی محفوظ ہیں اور سپر ہائی ویلاسٹی رائفلز حتیٰ کہ سنائپر رائفل سے فائر کئے جانے والے راونڈز کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور یہ گاڑیاں دھماکوں کے خلاف بھی بہت مزاحم ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ صوبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور موثر پولیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی ہدایات پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ پولیس کو ہر قسم کے جدید اسلحہ سے لیس کرنے اور گاڑیاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بہترین تربیت کے عمل کوبھی بڑی تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اور ان کے تمام پیشہ ورانہ امور اور ضروریات کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہے۔ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز بھی اس موقع پرآئی جی پی کے ساتھ موجود تھے۔