November 23, 2024

سائنسدانوں نے زمین کے حجم کے برابر ایسا سیارہ دریافت کیا ہے جہاں کسی قسم کی زندگی موجود ہوسکتی ہے۔

زمین سے 40 نوری برسوں کے فاصلے پر واقع سیارے کا حجم زہرہ کے برابر جبکہ زمین سے کچھ چھوٹا ہے۔

اس سیارے کا درجہ حرارت بھی ممکنہ طور پر اتنا ہے جو زندگی کو سپورٹ کرنے کے لیے کافی ہے۔

اسے Gliese 12 b کا نام دیا گیا ہے جو ایک ایسے ستارے کے گرد چکر لگاتا ہے جو ہمارے سورج سے 27 فیصد چھوٹا ہے۔

یہ سیارہ ستارے کے گرد اپنا چکر 12.8 دنوں میں مکمل کرتا ہے اور ابھی یہ معلوم نہیں کہ اس میں آب و ہوا موجود ہے یا نہیں۔

مگر سائنسدانوں کا تخمینہ ہے کہ اس سیارے کی سطح کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے، جو اب تک دریافت ہونے والے ہزاروں دیگر سیاروں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

تحقیق کے مطابق سیارے کا درجہ حرارت سطح پر سیال پانی کے لیے درست ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ پانی زندگی کے لیے ضروری جز ہے۔

محققین اب یہ تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ Gliese 12 b کی آب و ہوا زمین سے ملتی جلتی ہے یا نہیں یا زمین سے کس حد تک مختلف ہے۔