December 8, 2024

سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے کلید بردار (سادن) شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کے دنیا سے پردہ کر جانے کے بعد یہ ذمہ داری شیخ عبدالوھاب بن زین العابدین الشیبی کو سونپ دی گئی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فتح مکہ کے بعد اب تک کلید برداروں میں شیخ عبدالوھاب الشیبی کا 78 واں نمبر ہے جنہیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔

خانہ کعبہ کے 77 ویں کلید بردار شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی گذشتہ دنوں 80 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے تھے، جنہیں مکہ کے معروف قبرستان معلی میں سپرد خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ ’سادن‘ نام اس شخص کے لئے مخصوص ہے جس کے پاس کعبہ شریف کی چابی ہوتی ہے۔ کعبہ کے قفل کو کھولنا، بند کرنا اور اندرونی و بیرونی صفائی وہ غلاف کعبہ کی تبدیلی و دیگر امور بھی سادن یعنی کلید بردار کی ذمہ داری ہوتی ہے۔