September 16, 2024

اگر آپ اداس اور بے چین محسوس کررہے ہیں تو دفتر کے کام کی فکر کیے بغیر چھٹی لے سکتے ہیں، یہ انوکھی پالیسی چینی کمپنی نے متعارف کروائی ہے جہاں ملازمین ’ناخوش‘ ہونے پر سالانہ 10 چھٹیاں لے سکتے ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ اسٹریٹ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی یو ڈونگلائی کے بانی اور چیئرمین پینگ ڈونگ لائی نے اپنے ملازمین کے لیے انوکھی پالیسی متعارف کروائی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت اگر کوئی ملازم کسی بھی وجہ سے ناخوش ہے یا اداس محسوس کررہا ہے تو وہ اپنے منیجر کو بتائے بغیر چھٹی لے سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ہر ملازم کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اس طرح کی ایک سال میں 10 چھٹیاں لے سکتا ہے ، چھٹی لینے پر انتظامیہ انہیں نہیں روک سکتی یا کوئی سوال نہیں کرسکتی۔

کمپنی کے بانی کہتے ہیں کہ ’ہر کسی کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے جب آپ ناخوش محسوس کرتے ہیں اور اگر آپ اداس ہیں تو کام پر مت آئیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی انتظامیہ ملازمین کو ’اداس ہونے پر لی جانے والی چھٹیوں‘ سے منع نہیں کرسکتی اور کمپنی کے قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔