December 21, 2024
شامی صدر

شام کے باغیوں نے دمشق پر قبضہ اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کا دعویٰ کردیا۔

برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد طیارے پر سوار ہو کر نامعلوم مقام پر چلے گئے ہیں، دمشق کے امیہ چوک پر عوام جمع ہو رہے ہیں، لوگ فوج کے چھوڑے ہوئے ٹینکوں پر بھی چڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق باغی فورسز کے پاس بشار الاسد کے مقام کے بارے میں کوئی ٹھوس انٹیلی جنس رپورٹ نہیں ہیں اور وہ انہیں تلاش کر رہے ہیں۔

قطری میڈیا کے مطابق شام کی افواج دمشق کے داخلی راستوں سے پیچھے ہٹ گئی ہیں اور باغیوں کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ہے۔

شام میں فوج کے وزارت دفاع کا ہیڈ کوارٹرز بھی خالی کرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ باغیوں نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو عمارتوں کا بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

دوحہ فورم کا مشترکہ اعلامیہ جاری
دوسری جانب قطر میں ہونے والے دوحہ فورم کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے کے مطابق قطر، سعودی عرب، اردن، مصر، عراق، ایران، ترکیے اور روس نے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ شام کی موجودہ صورتحال علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیےخطرناک ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوجی آپریشنز روکنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے سیاسی حل کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے صدر بشار الاسد کے دمشق چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید کی تھی اور اس سے پہلے باغیوں نے حمص شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حمص کی فوجی جیل سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد قیدیوں کو چھوڑ دیا گیا تھا۔