گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدات انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز حیات آباد کے 36ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس بدھ کے روز گورنرہاوس پشاورمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز کیجانب سے ادارہ کے نئے اقدامات وویمن سنٹر آف ایکسیلینس، نیشنل سنٹر فار برانڈنگ، نیشنل گروتھ سنٹر،سافٹ وئیر ہاؤس،900 کلو واٹ سولر سسٹم، ادارہ کیلئے20 کنال اراضی سمیت دیگر منصوبوں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ بورڈ آف گورنرز اجلاس کو ادارہ کے ویک اینڈ پروگرام کی کامیابی سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کی گئیں،اجلاس میں ادارہ کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور اکیڈیمک کونسل اجلاسوں کی سفارشات منظوری کیلئے پیش کی گئیں۔اجلاس میں ادارہ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کردہ کمیٹی کی 5 فیکلٹی اراکین کی غیر حاضری سے متعلق کمیٹی کے منٹس اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاسوں کی سفارشات بھی منظوری کیلئے پیش کی گئیں۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ جدید دور میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم ہی ترقی کی ضمانت ہے، تعلیمی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، طلباء کیلئے ضروری ہے کہ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مہارت پر بھی عبور حاصل کیا جائے تاکہ عالمی مسابقت میں آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ اور ماہرین تعلیم تدریس کے جدید طریقے اپنائیں تاکہ نوجوان نسل مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہو۔اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز ڈاکٹر عثمان غنی سمیت بورڈ اراکین میں محسن ودود، اطہر عمران،فضل الٰہی، عدنان جلیل، ڈپٹی رجسٹرار سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن ثاقب اسلم اور محکمہ خزانہ،اعلٰی تعلیم اور اسٹیبلشمنٹ سے نمائندے شامل تھے۔#