
کراچی تبلیغی اجتماع 13 فروری 2025 بروزِ جمعرات سے شروع ہونے والا ہے ان شاء اللہ۔ اللہ تعالٰی عافیت کے ساتھ اجتماع منعقد فرمائے، اس کے تمام نیک مقاصد کی تکمیل فرمائے اور اس کو ہر قسم کے شر اور فتنے سے بچائے۔
اس اہم اور مفید اجتماع میں شرکت کرنے کے فوائد سے متعلق چند سال قبل یہ تحریر لکھی تھی جو کہ اسی مناسبت سے گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عام کی جارہی ہے تاکہ مفید ثابت ہو۔
⬅️ ذیل میں تبلیغی اجتماع کے چند فوائد ذکر کیے جاتے ہیں:
▪بزرگوں کے بیانات سننے سے اعمال واخلاق کی اصلاح کی فکر نصیب ہوجاتی ہے۔
▪دینی تعلیمات پر مشتمل مفید مذاکروں سے متعدد احکام ومسائل سیکھنے کو مل جاتے ہیں۔
▪نمازوں کے اہتمام اور ماحول سے نماز کی پابندی کا جذبہ نصیب ہوجاتا ہے۔
▪نیک اعمال جیسے ذکر وتسبیحات، تلاوت، استغفار، درود شریف، نوافل حتی کہ نمازِ تہجد کی بھی توفیق ہوجاتی ہے۔
▪اپنی جان، مال اور اوقات دین کی راہ میں صَرف کرنے کی کسی درجے میں فضیلت حاصل ہوجاتی ہے۔
▪بہترین دینی ماحوال میسر آتا ہے جو کہ دنیاوی گھمبیر مصروفیات میں بہت بڑی غنیمت ہے۔
▪اپنے گناہوں سے توبہ کی توفیق حاصل ہوجاتی ہے۔
▪️اجتماع کے مبارک ماحول میں کئی گناہوں سے بچنے کی توفیق نصیب ہوجاتی ہے۔
▪اپنی ذات سے لے کر پوری امت کے لیے دعائیں کرنے کا موقع ہاتھ آجاتا ہے۔
▪امتِ مسلمہ بلکہ پوری دنیا کے انسانوں کو اللّٰہ تعالٰی اور اس کے دین سے جوڑنے کی فکر پیدا ہوجاتی ہے۔
▪کسی درجے میں دین کی راہ میں مشقت برداشت کرنے کے فضائل نصیب ہوجاتے ہیں۔
▪عظیم الشان اجتماع سے دین کی رونق نظر آجاتی ہے جو کہ اس الحاد اور دین بیزاری کے دور میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔
▪اجتماع کی برکات وانوارات سے مستفید ہونے کا موقع میسر آجاتا ہے۔
▪بے دینی کے اس عمومی ماحول اور رواج میں دین کو کسی درجے میں ایک اجتماعی قوت نصیب ہوجاتی ہے۔
▪تبلیغی جماعت میں کچھ وقت لگانے کی توفیق نصیب ہوجاتی ہے جس کے فوائد بہت سے ہیں۔
ان جیسے متعدد فوائد کے پیشِ نظر ہر مسلمان خود بھی پوری دلجمعی اور خلوصِ نیت کے ساتھ اس اجتماع میں شرکت کرنے کی کوشش کرے اور دوسروں کو بھی دعوت دے۔