Preloader
Annual prize distribution on Independence day

گورنمنٹ بوائز انٹر کالج گمبہ سکردو میں یومِ آزادی گلگت بلتستان اور سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالرحمن نے کی، جبکہ نامور ماہرِ تعلیم، محقق، مورخ اور مصنف جناب محمد حسن حسرت مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں طلباء، اساتذہ کرام، والدین اور عمائدینِ شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
نظامت کی ذمہ داری پروفیسر مظہر علی عباس نے انجام دیے ۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور ملی نغمے پیش کیے گئے۔ مقررین نے یومِ آزادی گلگت بلتستان کی تاریخی اہمیت، حصولِ آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور آزادی کے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔
یومِ آزادی گلگت بلتستان اور تاریخی پس منظر
لیکچرر سیاسیات محمد ذوالقرنین نے گلگت بلتستان کی آزادی کے تاریخی پس منظر پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو اہم تاریخی حقائق سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آزادی کے حصول میں کردار ادا کرنے والی شخصیات اور تاریخی واقعات کو اجاگر کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، نامور محقق، مورخ اور مصنف جناب محمد حسن حسرت صاحب نے یومِ آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے نہایت پرمغز، معلوماتی اور فکر انگیز گفتگو کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی آزادی کے تاریخی پس منظر، اس دور کے اہم واقعات اور آزادی کے حصول کے لیے قربانیاں دینے والے قومی ہیروز کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء کو تاریخ کا مطالعہ کرنے، اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ ان کی گفتگو تاریخی حقائق سے مزین اور طلباء کے لیے باعثِ رہنمائی تھی۔
پرنسپل پروفیسر عبدالرحمن نے اپنے خطاب میں آزادی کے وقت کے حالات اور موجودہ دور کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے طلباء کو غور و فکر کی دعوت دی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات، بالخصوص بنات گل آفریدی، جی ایم سکندر اور پروفیسر ارشاد علی سمیت دیگر اہم شخصیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نئی نسل کو آزادی کی قدر کرتے ہوئے علاقے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات
تقریب کے دوسرے حصے میں سالانہ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران 20 مختلف کیٹیگریز میں تقریباً 70 طلباء، اساتذہ کرام اور معاون عملے کے ارکان کو ان کی نمایاں کارکردگی اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں نقد انعامات، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
انعامات کی نمایاں کیٹیگریز میں بیت بازی، خطاطی، سالانہ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز، ماہانہ ٹیسٹ کے نمایاں طلباء، سب سے زیادہ باقاعدگی سے کالج آنے والے طالب علم، ریڈر آف دی ایئر، ثقافتی شو، سائنس نمائش، مضمون نویسی، کوئز مقابلے، کمپیوٹر پروگرامنگ، گرافکس ڈیزائننگ اور سالانہ امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام سمیت دیگر شعبہ جات شامل تھے۔
اساتذہ کرام کی خدمات کا اعتراف
تقریب کا ایک اہم حصہ اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف تھا۔ حکومتِ گلگت بلتستان کی جانب سے سیکریٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن کے توسط سے آٹھ اساتذہ کرام کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں توصیفی اسناد اور تعریفی خطوط سے نوازا گیا۔
ان اساتذہ میں پروفیسر فضل عباس، پروفیسر باقر حسین، پروفیسر شجاعت علی، پروفیسر غلام مرتضیٰ، پروفیسر ذوالنورین عبداللہ، پروفیسر سید سلطان سمیت دیگر اساتذہ کرام شامل ہیں۔ اس اقدام کو اساتذہ کی محنت، لگن اور تعلیمی خدمات کے اعتراف کی ایک قابلِ تحسین مثال قرار دیا گیا۔
کھیلوں میں نمایاں کارکردگی پر بھی انعامات تقسیم
واضح رہے کہ کالج میں منعقدہ کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں 86 انعامات پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح تعلیمی، ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کالج کی جانب سے ایک جامع اور قابلِ تحسین اقدام کیا گیا۔
یہ پروقار تقریب یومِ آزادی گلگت بلتستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے، طلباء میں قومی شعور بیدار کرنے، تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ و معاون عملے کی خدمات کے اعتراف کے حوالے سے ایک یادگار تقریب ثابت ہوئی۔