
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیسنگ بہت مشکل اور جان جھوکوں کا کام ہے اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ سخت محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنا کر اپنے اہداف کے حصول کے لیے آگے بڑھیں۔
یہ بات انہوں نے آج صوابی پولیس ٹریننگ سکول میں بیسک ریکروٹس کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل آئی جی پی ٹریننگ، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول صوابی، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول صوابی، مختلف طبقہ فکر کے افراد، عمائدین ِعلاقہ، میڈیا کے نمائندے اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پریڈ میں ضلع صوابی، چارسدہ، مردان، پشاور، خیبر، کوہاٹ، شانگلہ، ہری پور اور نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 507 مرد اور 41 خواتین ریکروٹس بنیادی تربیت حاصل کرکے پاس آﺅٹ ہوئے۔ پریڈ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو فرائض کی ادائیگی کے دوران بہت چیلنجز کا سامنا ہے تاہم یہ امر حوصلہ افزاءہے کہ اس کے سربکف اور بہادر جوانوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، کبھی بارود کی بھری گاڑیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر تو کبھی خودکش حملہ آوروں کو گلے لگا کر دہشت گردوں کا راستہ روکا اور ہر قسم مشکلات کے باوجود ڈیوٹی کے دوران فیلڈ میں پیچھے نہیں ہٹے۔ آئی جی پی نے اُمید ظاہر کی کہ جرات وشجاعت کے پیکر یہ جوان اپنے درخشندہ روایات کو آگے بڑھا کر حالات کو مزید بہتری کی طرف لے جائیں گے۔ آئی جی پی نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا نچوڑ یہ ہے کہ سخت محنت اور ایمانداری کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتااور پاس آﺅٹ ہونے والے جوانوں پر زور دیا کہ وہ ان پر کاربند ہو کر معاشرے، خاندان اور اپنے لیے عزت و کامیابیاں سمیٹیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پاس آﺅٹ ہونے والے جوانوں کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ فیلڈ میں آپ کی کارکردگی کا دارو مدار یہاں پر حاصل کردہ تربیت پر ہے۔ فیلڈ میں آپ کا واسطہ کمزور طبقے اور پسے ہوئے مظلوم عوام سے ہوگا۔ وہ آپ سے اپنے مسائل کے حل اور مشکلات دور کرنے کے لیے رجوع کریں گے۔ تب آپ کی تربیت کا اصل امتحان ہوگا اور آپ کو یہاں پر اُٹھائے گئے حلف کو ہر حال، ہر قیمت پر پورا کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے صوابی ٹریننگ سکول کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہا۔ بالخصوص سکول کی جانب سے سپورٹس گالہ کے انعقاد کو جوانوں کے لیے بہت صحت مند اور مفید قرار دیا اور اس کو آئندہ کے لیے بھی جاری و ساری رکھنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پی نے ادارے کی انتظامیہ اور انسٹرکٹروں کی دن رات محنت اور کوششوں کو بھی سراہا جن کی وجہ سے کامیاب کورس اور پاس آﺅٹ پریڈ ممکن ہو سکی۔ انہوں نے پریڈ کے شرکاءاور انتظامیہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ آئی جی پی نے ادارے کو درپیش مسائل کے حل سمیت لیڈیز ہاسٹل اور پریڈ گراﺅنڈ کو پختہ کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی پی ٹریننگ اختر عباس نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور سکول کو درپیش مشکلات حل کرنے کے مطالبات پیش کئے۔ اس موقع پر جوانوں نے تربیتی مشقوں کے کامیاب مظاہرے بھی کئے۔ آئی جی پی نے کورس، پریڈ اور مشقوں میں بہترین کارکردگی کے حامل جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔
آئی جی پی نے سکول میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں ایک پودا بھی لگایا۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے آئی جی پی کو خصوصی سوونیئر پیش کیا۔