
کولالمپور ملائیشیا: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ غیر ملکی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن ملایشیا میں پاکستانی تاجر برادری سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کیا اور ان کی تعریف کی۔
اس موقع پر، ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ, ملائیشیا میں ممتاز پاکستانی بزنس مین فاروق احمد اور دیگر ممتاز کاروباری حضرات بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنے کی بھرپور تعریف کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور ایمبیسی کے دیگر افسران وعملہ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں بھائیوں سے ملنے اور بات چیت کرنے کا موقع دیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بطوروزیراُمورکشمیرپاکستان کی کشمیر پالیسی پر بات کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے۔
بھرپور تعریف کی۔
وفاقی وزیرامور کشمیر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اس وقت تک سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اسی سلسلے میں ہم ہر سال(یوم استحصال 05 اگست)،یوم سیاہ 27 اکتوبر، اور یوم یکجہتی کشمیر (05 فروری)مناتے ہیں پچھلے ہفتے ہم نے پورے پاکستان اور پوری دُنیا میں پاکستانیوں نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے میاں محمد شبہاز شریف وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں آج پاکستان کے تمام معاشی اعشاریے مثبت ہو چکے ہیں ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے
اب پاکستان کی معاشی ترقی کا عالمی سطح پر اعترف کیا جارہا ہے،حکومت کی کوششوں نے پاکستان کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی ہے –
انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ غیر ملکی ترسیلات زر میں ریکارڈاضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکرنے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل, ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملائیشیا میں ممتاز پاکستانی بزنس مین فاروق احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستانی تاجر برادری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی کمیونٹی کو موثر طریقے سے سہولت فراہم کرنے پر ہائی کمیشن کی تعریف کی۔