Preloader
50 kg fish discarded

ہری پور (سچ آواز ٹی وی نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر ہری پور کی خصوصی ہدایات پر “بدلتا خیبر پختونخوا” مہم کے تحت فوڈ سیفٹی ٹیم ہری پور کی جانب سے ضلع بھر کی مختلف مچھلی منڈیوں میں مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے ہری پور میں سپلائی کی جانے والی مچھلی کے معیار، تازگی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کارروائیوں کے دوران مچھلی کی صفائی، ذخیرہ کرنے کے انتظامات، درجۂ حرارت، ترسیل کے طریقۂ کار اور فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیارات کا بغور معائنہ کیا گیا۔

معائنے کے دوران غیر معیاری صفائی، مچھلی کو غیر محفوظ حالات میں ذخیرہ کرنے اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے برخلاف ترسیل کرنے والے متعدد کاروباروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، انہیں بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 50 کلو گرام خراب اور مضرِ صحت مچھلی موقع پر ہی تلف کر دی گئی۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام مچھلی فروشوں کو سختی سے ہدایت کی کہ مچھلی کی صفائی، محفوظ ذخیرہ کاری، مناسب درجۂ حرارت برقرار رکھنے اور دورانِ ترسیل مقررہ معیارات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

حکام نے واضح کیا کہ عوام کو تازہ، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت کے تحفظ اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔