December 8, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے تھر کول کی گیسیفکیشن کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس کے دوران پیٹرولیم اور گیس کے شعبوں کے حوالے سے پیشرفت اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔ تیل اورگیس پائپ لائنز سے چوری روکنے کیلئے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک بائیکس ،گاڑیوں،بجلی پرچلنےوالی گھریلو مصنوعات سےمتعلق پالیسی پرکام جاری ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل توانائی کےذرائع خصوصا شمسی توانائی کی ترویج پرتوجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے تھر کول کی گیسیفکیشن کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے اور تھرکول کی دیگرعلاقوں تک رسائی کیلئے ریلوے لائن سے متعلق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تھر کول پاکستان کی توانائی کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔