پارلیمانی رپورٹرز نےقائدجمعیت کے ذریعے صدر سے رابطہ کیا، وزیر داخلہ اور صحافیوں کی پیکا ایکٹ پر ملاقات جلد متوقع ہے۔
پارلیمانی رپورٹر نے پیکا ایکٹ کے خلاف مولانا فضل الرحمن کے ذریعے صدر مملکت تک اپنی آوازپہنچادی، صدر نےصحافیوں کواعتماد میں لینے تک بل پر دستخط روک دیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق متنازع پیکا ترمیمی بل کے خلاف احتجاج رنگ لانے لگا، پیکا ایکٹ کے خلاف پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن نےقائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے ذریعے صدر مملکت آصف علی زرداری سے رابطہ کیا،قائد جمعیت نے پارلیمانی رپورٹرز کے تحفظات صدر مملکت تک پہنچا دیئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے قائدجمعیۃ کی درخواست پر بل کچھ وقت کے لیے روک لیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے پی آر اے کی پیکا ترمیمی بل پر فوری دستخط نہ کرنے کی درخواست مان لی۔قائدجمعیت نے صدر پارلیمانی رپورٹرز کو صدر مملکت سے رابطے کے بارے میں آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پیکا ایکٹ پر دستخط سے قبل وزیر داخلہ اور صحافتی تنظیموں کی ملاقات پر غور جاری ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی اور پارلیمانی رپورٹرز کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پی آر اےوفد نے کل قائدجمعیت مولانا فضل الرحمن سے پیکا ایکٹ پر صدر مملکت سے بات کی درخواست کی تھی۔