
تهران – غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے اعتماد نیوز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دے دی۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے نیم فوجی دستوں کی جاری مشقوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران صحیح وقت آنے پر ایک بڑے حملے میں اسرائیل کا صفایا کر دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کا تیسرا میزائل حملہ تل ابیب اور حیفہ کو تباہ اور اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹا دے گا۔ ایرانی بریگیڈیئر جنرل نے کہا کہ آپریشن ٹرو پرومِس 3 (وعدہ صادق ۳ ) صحیح وقت آنے پر، درست حکمتِ عملی اپناتے ہوئے بڑے پیمانے پر کیا جائے گا، جس سے تل ابیب اور حیفہ زمین بوس ہو جائیں گے آور اسرائیل کا مکمل صفایا هوگا۔
بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا یمن کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا، لبنان، عراق اور فلسطین میں مزاحمتی محاذ تیاری کے عروج پر ہیں اور سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے بھی میزائلوں کی رینج بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ ایران نے گذشتہ برس محدود پیمانے پر اسرائیل پر 2 بار بیلسٹک و کروز میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے، دونوں حملے آپریشن ٹرو پرومس کا حصہ تھے