Preloader
Al khidmat foundation inaugurated rehabilitation center

نشے سے پاک معاشرے کا قیام ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ عبدالواسع

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے نشے سے پاک معاشرے کا قیام ناگزیر ہے، جس کے لیے اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ ہماری آبادی کا 60 فیصدسے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک و قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو صحت، تعلیم اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بدقسمتی سے نشے کی لت ہمارے مستقبل کے معماروں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے حکومت، فلاحی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ کے علاقے عمرزئی میں 50 بستروں پر مشتمل الخدمت ریہیب اینڈ سائیکاٹرک سنٹر کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت قائم کیے گئے اس مرکز میں نشے کے عادی افراد کے علاج اور ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار مریضوں کی بحالی کے لیے جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مرکز کا افتتاح امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص اور سماجی شخصیت سید قائم علی شاہ ایڈووکیٹ نے کیا۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی، نائب صدر اشفاق خان، ضلعی سرپرست شاہ حسین ایڈووکیٹ، ضلعی صدر قاری شفیع اللہ اور صدر چارسدہ بار ایسوسی ایشن مجیب الرحمن ایڈووکیٹ سمیت الخدمت کے صوبائی و ضلعی ذمہ داران اور معززینِ علاقہ بھی موجود تھے۔
یہ مرکز چارسدہ اور گردونواح کے افراد کو علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کرنے، مریضوں کو صحت مند زندگی کی طرف واپس لانے اور ان کے خاندانوں کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے موقع پر مرکز کے قیام میں تعاون کرنے والے سید قائم علی شاہ ایڈووکیٹ، دیگر مخیر حضرات اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے مشنِ خدمتِ انسانیت کے تحت بلاامتیاز مستحق افراد کو علاج معالجے اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔