یومِ یکجہتی کشمیرکشمیریوں پر ظلم اور ذیادتی تشدد پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ قرار۔اکبر سیٹھی
ایک قدم ایک آواز کشمیر بنے گا پاکستان۔وقار لودھی
پشاور (نمائندہ خصوصی)محمد اکبر سیٹھی صوبائی صدر پاکستان ہندکووان تحریک نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر عالمی ضمیر اب تک پوری طرح بیدار نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہے بلکہ دنیا کو اس دیرینہ تنازع کی سنگینی یاد دلانے کا بھی موقع ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ کیے گئے متنازع اور یکطرفہ اقدامات، جنہیں کشمیری عوام ”کالا قانون” قرار دیتے ہیں، دراصل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں آبادی کا تناسب بدلنے، زمینوں پر قبضے اور سیاسی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے قابلِ قبول نہیں۔
صوبائی صدر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل فوجی محاصرہ، ذرائع ابلاغ پر پابندیاں، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں اور نوجوانوں پر تشدد معمول بن چکا ہے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا وہ بنیادی حق نہیں دیا جا رہا جس کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی قراردادیں فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے یورپی ممالک اور اقوامِ متحدہ کی طویل خاموشی کو“انتہائی تشویشناک اور تکلیف دہ”قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والی عالمی قوتوں کو کشمیر کے معاملے میں دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا واقعی امن، انصاف اور انسانی وقار پر یقین رکھتی ہے تو اسے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیں، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی اخلاقی، سفارتی اور انسانی حمایت جاری رکھیں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق کا عالمی مسئلہ ہے۔
بیان کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف اور حق کے لیے ہے، اور ایک دن ضرور آئے گا جب انہیں آزادی اور امن کے ساتھ جینے کا حق ملے گا۔ایک قدم ایک اواز کشمیر بنے گا پاکستان۔
