google-site-verification=aZNfMycu8K7oF6lNUgjpjoa8ZAyM0qfHriwatL8flQ4
IMG-20250227-WA0213

راولپنڈی: راولپنڈی کے چونترہ قبرستان میں ایک انتہائی سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس نے ایک قبر کھودنے والے شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک خوفناک پُتلا، تعویزات اور کیلیں برآمد ہوئی ہیں، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ چونترہ پولیس نے قبرستان میں ایک شخص کو ایک نئی دفن شدہ بچی کی قبر کو کھودتے ہوئے پکڑا۔ پولیس نے ملزم کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے مٹی سے بنا ہوا آدھے انسانی دھڑ کا پُتلا، سات تعویز اور لوہے کی تار سے بندھی ہوئی سات کیلیں برآمد ہوئیں۔ یہ پراسرار اشیاء دیکھ کر پولیس بھی حیران رہ گئی۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق، یہ مقدمہ سب انسپکٹر اسلم پرویز کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 297 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص چونترہ قبرستان میں ان کی فوت شدہ بیٹی کی قبر کی بے حرمتی کر رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قبرستان پر چھاپہ مارا اور ملزم کو قبر کھودتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت یاسین بخاری کے نام سے ہوئی ہے جو ادھوال کا رہائشی ہے۔ پولیس نے جب اس کے شاپنگ بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے مٹی کا بنا ہوا انسانی جسم نما پتلا، سات تعویز، سات کیلیں جو لوہے کی تاروں سے بندھی ہوئی تھیں اور ایک چھوٹی کرنڈی برآمد ہوئیں۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ یہ تمام اشیاء کالے جادو کے لیے قبر میں دفن کر رہا تھا۔ ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس کی بیوی طویل عرصے سے بیمار ہے اور ایک بابا نے اسے بتایا تھا کہ قبرستان میں دفن کچھ چیزوں کو نکالنے سے اس کی بیوی ٹھیک ہو جائے گی۔ تاہم ملزم اپنے تھیلے میں پتلا اور دیگر اشیاء کی موجودگی اور قبر کھودنے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے جائے تدفین میں بلاجواز مداخلت کر کے جرم کا ارتکاب کیا ہے جس پر اسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم، بعد ازاں ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دفعات قابل ضمانت ہونے کی وجہ سے عدالت نے اس کی ضمانت منظور کر لی۔

یہ واقعہ علاقے میں موضوع بحث بن گیا ہے اور لوگوں میں خوف و تجسس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کالے جادو کے لیے قبر کھودنے کے اس واقعے نے جہاں لوگوں کو خوفزدہ کر دیا ہے وہیں پراسرار اشیاء کی برآمدگی نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کی اصل نوعیت اور ملزم کے مقاصد کا تعین کیا جا سکے۔

سی ڈی اے ہسپتال میں لفٹ خراب ٹریفک پولیس جدید طریقہ واردات