مبصرین کے مطابق، اس اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح پرانے نظام کی فوج اور سابقہ حکمراں جماعت حزب البعث کو ختم کیا جائے گا اور تمام فوجی، انقلابی اور شہری تنظیموں کو ریاست کے ڈھانچے میں ضم کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں 2012ء کے موجودہ آئین کو معطل کرنے، احمد الشرع کو عبوری مرحلے میں صدر مقرر کرنے اور انہیں ایک قانون ساز کونسل بنانے کا اختیار دینے پر بھی بات کی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ہر سال 8 دسمبر کو انقلاب کی فتح اور قومی دن کے طور پر منایا جائے گا۔ اجلاس کے بعد ایک بیان میں، الشرع نے کہا کہ “سوریہ کی پہلی ترجیحات میں اقتدار کے خلا کو پُر کرنا، امن قائم رکھنا، ریاستی اداروں کی تعمیر اور اقتصادی ڈھانچے پر کام کرنا شامل ہیں۔ جیسا کہ ہم نے پہلے سوریہ کی آزادی کے لیے عزم کیا تھا، ویسا ہی ہمارا عزم اب اس کے قیام اور ترقی کے لیے ہے۔”
اس کے بعد انہوں نے کہا “ہم نے اللہ کے فضل سے جیلوں کو توڑا اور مظلوموں کو آزاد کرایا، اور شام سے ذلت اور بے عزتی کی مٹی جھاڑی اور یہ عظیم فتح حاصل ہوئی۔ فتح بذات خود ایک ذمہ داری ہے، کیونکہ فاتحین کا کام بھاری اور ان کی ذمہ داری عظیم ہوتی ہے۔” انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کی عمومی خصوصیت تباہی اور خونریزی ہوتی ہے، لیکن سوریہ کی فتح کا جو حصول ہوا ہے، وہ رحمت اور انصاف سے بھرا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ الشرع، جو کہ ہیئۃ تحریر الشام کے بھی قائد ہیں، نے پچھلے سال 21 دسمبر کو دمشق میں انقلاب کی فوجی تنظیموں کے ساتھ ایک ملاقات کی تھی، جس میں نئے فوجی ادارے کے ڈھانچے پر بات چیت کی گئی تھی۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ تمام گروہوں کو ایک ادارے میں ضم کر دیا جائے گا جسے نئے فوج کے وزارت دفاع کے تحت چلایا جائے گا۔
8 دسمبر 2024 کو، شام کی اپوزیشن فورسز نے دمشق پر کنٹرول حاصل کیا تھا، چند دنوں کے اندر دیگر شہروں پر قبضہ کر کے، جس سے حزب البعث کی 61 سالہ حکمرانی اور اسد خاندان کے 53 سالہ نظام کا خاتمہ ہوا۔ اس کے اگلے دن، الشرع نے محمد بشیر کو عبوری حکومت تشکیل دینے کے لیے منتخب کرنے کا اعلان کیا۔
الشرع کا قوم سے خطاب کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔