
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزخیبر پختونخواپولیس
پشاور6 فروری2025 ٹیلی فون نمبر۔9213688
(پریس ریلیز)
ضلع کرک کے علاقے بہادر خیل میں رات گئے بھاری ہتھیاروں سے لیس نامعلوم دہشت گردوں کے حملے سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار وں تیمور حیات، ڈرائیور نقیب اور عدنان کی نماز جنازہ پولیس لائنز کرک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا ۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے کی شہدا کو سلامی۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید علی الصبح کرک کے لیے روانہ۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب نا معلوم دہشت گردوں نے پولیس چوکی بہادر خیل پر قبضہ کرنے کی غرض سے چاروں اطراف سے ہلکے اور بھادری ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔ چوکی میں موجود اہلکاروں نے حملے کا بہادری سے جواب دیا۔ تقریباً 2گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں دہشت گرد پسپا ہوئے۔ پولیس کے تین جوانوں نے شہادت کو گلے لگا کر چوکی پر قبضے کی کوشش ناکام بنادی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، آر پی اوکوہاٹ عباس مجید مروت ،کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ، ڈی سی کرک، ڈی پی او کرک شہباز الٰہی اور دیگر سول و پولیس افسران سمیت علاقہ معززین و شہدا کے لواحقین نے کثیر تعدادمیں نماز جنازہ میں شرکت کی۔شرکاءنے شہدا کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید تینوں پولیس شہداءکے سوگوار خاندانوں کے افراد سے بھی ملے اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہااور کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کرک پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آور ہونے والے دہشت گردوں کا چوکی میں موجود سپاہیوں نے نہایت جوانمردی سے دو گھنٹے تک مقابلہ کیا اور کئی اہلکار زخمی ہونے کے باوجود بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے اور ان کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ا نہوں نے بہادری سے لڑ کر جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر قبضے کے خواب کو چکناچور کرنے والے جوان خیبر پختونخوا پولیس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سے نکال کران کا ہر مقام تک پیچھا کیا جائے گا کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔
آئی جی پی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے علاج کے لیے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی جی پی فرداً فرداً ہر ایک زخمی پولیس اہلکار کے پاس گئے اور ان سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ آئی جی پی نے زخمی پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی جرات و بہادری کو سلام پیش کیا۔ آئی جی پی نے موقع پر موجود ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاران فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کو بہترین طبی علاج معالجہ کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
بعد ازاں آئی جی ذوالفقار حمید نے بہادر خیل پولیس چوکی کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے متاثرہ چوکی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اور دہشت گردوں کے حملے کی منصوبہ بندی اور طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔ آئی جی پی نے دورے کی روشنی میں موقع پر موجود اعلیٰ پولیس حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔