
دنیا: ہر مسجد ایک مقدس مقام اور خدا کی عظمت کا نشان ہوتی ہے، لیکن کچھ مساجد اپنی خاص تعمیر اور فن کی وجہ سے دنیا بھر میں ممتاز پہچان رکھتی ہیں۔ مغربی افریقی ملک مالی میں واقع ڈجنگریبر مسجد ایسی ہی ایک منفرد اور دلکش مثال ہے۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی مٹی سے بنی مسجد ہے، جو اپنے طرز تعمیر سے ٹمبکٹو شہر کی رونق کو چار چاند لگا رہی ہے۔
مالی کے تاریخی شہر ٹمبکٹو میں واقع یہ مسجد 1240 عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔ صدیوں پرانی ہونے کے باوجود، یہ آج بھی فن تعمیر کا ایک حیرت انگیز نمونہ ہے۔ مسجد کی دیواریں کچی اینٹوں سے بنی ہیں اور ان پر خاص قسم کے گارے کا لیپ کیا گیا ہے۔ دیواروں پر لکڑی کے بلاکس جابجا نصب ہیں، جو نہ صرف مسجد کی خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں بلکہ تعمیراتی اعتبار سے بھی اہم ہیں۔ مٹی سے بنے مینار اور محراب اس مسجد کی شان و شوکت میں اضافہ کرتے ہیں۔
ڈجنگریبر مسجد کا ڈیزائن روایتی افریقی طرز کا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی تعمیر میں استعمال ہونے والی کچی اینٹیں گرمی کو اندر آنے سے روکتی ہیں، جس کی وجہ سے مسجد کا اندرونی ماحول ہمیشہ ٹھنڈا اور خوشگوار رہتا ہے۔ یہ خصوصیت صحرائی علاقے میں بے حد اہمیت رکھتی ہے۔
ہر سال جب بارشوں کا موسم آتا ہے، تو مقامی لوگ مسجد کی دوبارہ لپائی کا کام کرتے ہیں۔ یہ ایک اجتماعی کام ہوتا ہے جس میں بچے، بوڑھے اور جوان سبھی جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں۔ یہ نہ صرف مسجد کی دیکھ بھال ہے، بلکہ ایک ثقافتی روایت بھی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی رہتی ہے۔
مٹی سے بنی اس بے مثال مسجد میں ایک وقت میں تقریباً 2000 نمازی عبادت کر سکتے ہیں۔ ڈجنگریبر مسجد صرف ایک عبادت گاہ ہی نہیں، بلکہ یہ مالی کی تاریخ، ثقافت اور فن کا ایک زندہ ثبوت بھی ہے۔ یہ مسجد اپنے منفرد طرز تعمیر اور تاریخی اہمیت کے باعث سیاحوں کے لیے بھی ایک خاص کشش کا مرکز ہے۔