القسام بریگیڈ کے مجاہدین کے ہاتھوں شمالی غزہ میں صہیونی فوجیوں کی گرفتاری کے بعد غرب اردن اور لبنان میں عوام نے سڑکوں پر نکل خوشی منائی۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی مجاہدین کے ہاتھوں صہیونی فوجیوں کی گرفتاری کی خبر سننے کے بعد فلسطین اور لبنان میں عوام نے مختلف شہروں میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
غرب اردن کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر نعرہ تکبیر لگایا اور مقاومت کے ساتھ ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے الضاحیہ میں عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور مسجدوں سے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند ہوئیں۔
یاد رہے کہ غزہ کے شمالی علاقے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے صہیونی فورسز کو کامیابی کے ساتھ اپنی جال میں پھنسایا اور متعدد کو ہلاک اور زخمی کردیا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جبالیا میں مجاہدین نے صہیونی فوجیوں کو زیرزمین سرنگ کی طرف کھینچنے کے بعد عین موقع پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں تمام صہیونی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئؕے۔ مجاہدین نے زخمی فوجیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔