زیرسمندر کیبل میں خرابی، ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پی ٹی اے کا بیان
اسلام آباد: انٹرنیٹ صارفین کو بڑا دھچکا، ملک میں انٹرنیٹ ایک بار پھر سست روی کا شکار، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ قطر کے قریب زیر سمندر کیبل میں خرابی کی وجہ سے ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ قطر کے قریب زیر سمندر کیبل اے اے ای-1 میں خرابی کی اطلاع ملی ہے۔ یہ کیبل پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے استعمال ہونے والی سات کیبلز میں سے ایک ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق زیر سمندر کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ صارفین کی سروس متاثر ہوسکتی ہے،خرابی کو دور کرنے کے لیےمتعلقہ ٹیمیں کام کرہی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے صورت حال کی نگرانی کر رہی ہے اور صارفین کو اپڈیٹ فراہم کرتی رہے گی۔
پی ٹی اے نے صارفین سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ براہ کرم سروس کی بحالی تک تحمل کا مظاہرہ کریں۔