Beauty of Peshawar at stake

پشاور: پاکستان ہندکووان تحریک کے صوبائی صدر اکبر سیٹھی نے کہا ہے کہ تاریخی شہر پشاور، جو اپنی ہزاروں سالہ تہذیب، ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے، آج شدید انتظامی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے۔

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!

انہوں نے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی اور ترقی کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی، گیس اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ گلیاں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نکاسی آب کے نظام کی حالت انتہائی خراب ہے، نالیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، پانی کی پائپ لائنیں جگہ جگہ سے لیک کر رہی ہیں جبکہ بجلی کی خطرناک تاریں بازاروں اور رہائشی علاقوں میں لٹک رہی ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

اکبر سیٹھی نے کہا کہ پشاور کی تاریخی فصیل شہر، قدیم بازاروں اور ثقافتی ورثے کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ شہر کی تاریخی شناخت اور ثقافتی حسن کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کے بجائے صرف تجاویز اور منصوبوں کا انبار لگایا جا رہا ہے جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور کی خوبصورتی، تاریخی ورثے کے تحفظ اور شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے ازسرِ نو ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں کے ساتھ پشاور کے معززین کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ مقامی آبادی کی آواز اور تاریخی و ثقافتی تقاضوں کو مؤثر انداز میں سامنے لایا جا سکے۔

انہوں نے حکومتِ خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ، واسا، پیسکو، سوئی گیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پشاور کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، شہر کی تاریخی حیثیت بحال کریں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اکبر سیٹھی نے کہا کہ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو پشاور کی تاریخی، ثقافتی اور معاشی اہمیت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پشاور صرف ایک شہر نہیں بلکہ برصغیر کی قدیم تہذیبوں کا امین ہے، جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

About The Author

Hina Khan

By حنا خان

حنا خان ایک پروفیشنل جرنیلسٹ ہیں اور گزشتہ ۱۳ سال سے اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

Glimpse of Cricket بشیر بلور پشاور جلسہ Ambani showing Vantra to Messi Pakistan U-19 The Asian Champion Jobs 14 Dec 2025