Preloader
District administration meeting with media

ہری پور: گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی، اور ڈائریکٹر جنرل، خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی، کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہری پور نے اپنے دفتر میں مختلف میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ’’ بدلتا خیبر پختونخوا مہم ‘‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مہم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ملاوٹ مافیا، غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد کو مقررہ حفظانِ صحت کے اصولوں، فوڈ سیفٹی قوانین اور معیاری خوراک کی فراہمی کے تقاضوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے مؤثر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوامی آگاہی، خوراک میں ملاوٹ کے نقصانات، محفوظ خوراک کے استعمال اور صحت عامہ کے تحفظ کے حوالے سے اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں، تاکہ عوام تک معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے مشترکہ مقصد کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔

میڈیا نمائندگان نے ’’بدلتا خیبر پختونخوا مہم‘‘ کے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے، فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون، عوامی آگاہی کے فروغ اور ذمہ دارانہ صحافتی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی، اور ڈائریکٹر جنرل، خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی، کے اس اقدام کو عوامی مفاد، محفوظ خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا.