بلامبٹ: امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی، سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ علماء کرام ملک و ملت کی رہنمائی کے لیے آگے بڑھیں اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور ظلم و استحصال کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انبیاء کرام علیہم السلام کی جدوجہد کا بنیادی مقصد انسانیت کو ظلم سے نجات دلانا، معاشرے میں انصاف قائم کرنا اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق عادلانہ نظام متعارف کرانا تھا۔ آج پاکستان کو بھی ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو سود، معاشی استحصال، کرپشن، طبقاتی تقسیم اور ناانصافی کا خاتمہ کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ جامعہ عالیہ احیاء العلوم بلامبٹ کی سالانہ فضلاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کو صرف انفرادی زندگی تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اجتماعی زندگی، معیشت، سیاست اور ریاستی نظام میں بھی اسلامی اصولوں کی بالادستی ضروری ہے۔ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کو اس حقیقی مقصد سے آگاہ کریں اور ملک میں اسلامی اور عادلانہ نظام کے قیام کے لیے فکری و عملی رہنمائی فراہم کریں۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات میں عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری، بھاری ٹیکسوں اور معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور مختلف ٹیکسوں کا بوجھ براہ راست عوام کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے، پٹرولیم لیوی کا خاتمہ کیا جائے، سودی معیشت سے نجات حاصل کی جائے اور قومی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کو محض ڈگریاں دینے کے بجائے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عملی مہارتیں (Skills)، فنی تربیت، آئی ٹی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں ظلم اور استحصال پر مبنی نظام کے خاتمے، عوام پر غیر ضروری معاشی بوجھ کم کرنے، پٹرولیم لیوی کے خاتمے، نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرتی و معاشی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ہمارا مقصد ایک ایسا پُرامن، خوشحال اور خودمختار پاکستان بنانا ہے جہاں ہر شہری کو انصاف، روزگار، تعلیم اور بنیادی انسانی حقوق میسر ہوں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی نے فضلاء اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ عصر حاضر کے فکری و نظریاتی چیلنجز کا مطالعہ کریں، نوجوان نسل کے سوالات کا مدلل جواب دیں اور منبر و محراب سے نکل کر معاشرے کی اجتماعی اصلاح اور ملک و ملت کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی علمی بصیرت، کردار اور عملی جدوجہد پاکستان کو ایک پُرامن، منصفانہ اور خوشحال معاشرے کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔جاری کردہانجنئیر حافظ یعقوب الرحمن سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا شمالی 03459058845 Post navigation سرگودھا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی: دہشت کی علامت اشتہاری انعامو وینس ساتھی سمیت ہلاک، جدید اسلحہ اور راکٹ لانچر برآمد جمعیت علماء اسلام خیبر پختون خوا کی اپیل پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں معدنی ذخائر کے تحفظ ،جےیوآئی کے خلاف میڈیا ٹرائل اور تجاوزات کی آڑ میں آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے جے یوآئی کے صوبائی اور ضلعی قائدین کا خطاب